جوڈیشل مارشل لاء کا مشورہ جمہوریت اور عدلیہ کے وقار پر حملہ ہے، خواجہ سعد رفیق

جوڈیشل مارشل لاء کا مشورہ جمہوریت اور عدلیہ کے وقار پر حملہ ہے، خواجہ سعد رفیق

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جوڈیشل مارشل لاء کا مشورہ آئین، جمہوریت اور عدلیہ کے وقار پر حملہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک دوسرے کو پچھاڑنے کے چکر میں انتشار، افراتفری اور فساد کو ہوا دی جا رہی ہے۔ گروہی مفادات کے تحفظ کی جنگ ملک کو دلدل میں دھنساسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ہدف بنانے کا کھیل سب دیکھ اور سمجھ رہے ہیں۔ ہر دور میں احتساب کے نام پر بلیک میلنگ اور انتقام ہماری بدقسمتی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ شیخ رشید عدالت سے نااہل ہوئے تو دکھ ہوگا۔ سیاستدانوں کو عوامی عدالت سے اہل یا نااہل ہونا چاہیے۔ انہوں نے جہانگیر ترین کی نااہلی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضاگیلانی کی نااہلی پر بھی میرا موقف یہی تھا۔