عیدالفطر کے بعد حکومت کیخلاف لانگ مارچ بھی ہوگا اور دھرنا بھی، رانا ثنا اللہ

After Eid-ul-Fitr, there will be a long march against the government and also a sit-in, Rana Sanaullah
کیپشن: فائل فوٹو

رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ لانگ مارچ کو ختم کردیا گیا ہے، رمضان المبارک کی وجہ سے لانگ مارچ کو ملتوی کیا گیا، عید کے بعدلانگ مارچ بھی ہوگا اور دھرنا بھی، 26 تاریخ کا لانگ مارچ عید کے بعد تک ملتوی ہوا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سربراہی میٹنگ میں تمام معاملات طے کئے جائیں گے۔ لانگ مارچ کیلئے پی ڈی ایم کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ میرے خیال میں پی ٹی آئی کے 126 دن دھرنے کو شکست دی جائے کیا جائے، پی ڈی ایم کم از کم 127 روز دھرنے کیلئے بیٹھے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک اور سمجھدار سیاستدان ہیں، امید ہے وہ جلد کوئی نہ کوئی بہتر راستہ نکال لیں گے، جس نے آصف زرداری کی گفتگو کو میڈیا کو دیا وہ ذمہ دار ہے۔ پیپلز پارٹی اس معاملے کی تحقیقات کرے، یہ ان کے حق میں بہتر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں سینیٹ الیکشن میں جو کچھ ہوا یہ ایک بہت بڑی سازش تھی۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی، حکومت مخالف تحریک کو 10 پارٹیاں چلائیں، 9 یا 3 یہ کامیاب ہوگی۔ یہ سب کچھ پیپلز پارٹی کیلئے بہتر نہیں ہوا، اس کی تحقیقات ہونی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیم سینیٹرز کو ووٹنگ کیلئے گائیڈکر رہی تھی، اس کی تحقیق ہونی چاہیے۔