Get Alerts

عسکری قیادت کا قوم کو عید کا پیغام: شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت، سرحدوں کے پاسبانوں کی ہمت کو سلام

عسکری قیادت کا قوم کو عید کا پیغام: شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت، سرحدوں کے پاسبانوں کی ہمت کو سلام

راولپنڈی : پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کی قیادت نے اس دن کو اتحاد، یگانگت اور قومی جذبے کا مظہر قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے تہنیتی پیغامات میں عید الفطر کو شکر گزاری، ہمدردی اور باہمی اخوت کا دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشیاں ان اقدار پر عمل پیرا ہونے میں ہی پنہاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، عسکری قیادت نے اپنے پیاروں اور اہلخانہ سے دور سرحدوں پر وطنِ عزیز کی حفاظت پر مامور جوانوں کی ہمت اور بلند حوصلے کو بے حد سراہا۔ پیغام میں کہا گیا کہ قوم ان غازیوں اور شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے اپنے آج کو قوم کے کل پر قربان کر دیا۔
مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے پیغام کے آخر میں پاکستان کی سلامتی اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے التجا کی کہ یہ عید پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور برکتوں کا باعث بنے اور عالمِ اسلام میں اتحاد و یگانگت کی نئی راہیں ہموار ہوں۔

ٹیگز: