اقوام عالم میں پاک چین تعلقات کو رشک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

اقوام عالم میں پاک چین تعلقات کو رشک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین باہمی احترام ، محبت اور پیار کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں ، اقوام عالم میں پاک چین تعلقات کو رشک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔

پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین برادرانہ ، انمٹ اور لازوال دوستی کا سفر 7 دہائیوں پر مشتمل ہے ۔ دونوں ملکوں کی دوستی کی مثال اپنی مثال آپ ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے ۔ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں ۔

دوسری جانب پاک چین سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات ہر سطح پر پہنچ چکے ہیں ، چین سے پاکستانیوں کی جذباتی وابستگی پیدا ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے گا ۔ چین سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ چینی صدر نے اعلان کیا کہ وہ غربت کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں ، چین نے 35 سالوں میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ، ہم بھی عوام کو غربت سے نکالنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چین کے صدر نے کرپشن کیخلاف جہاد کیا ، چین میں کرپشن پر 425 بڑے افراد کو سخت سزائیں دی گئیں ۔ چین نے بتایا اوپر ہاتھ ڈالنے سے کرپشن ختم ہوتی ہے اور طاقتور کو قانون کے تابع کرنے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ پاکستان اور چین کا تعاون بڑھتا رہے گا ۔