اسرائیلی مظالم کیخلاف متفقہ قرارداد مل کر پیش کی: شہباز شریف

اسرائیلی مظالم کیخلاف متفقہ قرارداد مل کر پیش کی: شہباز شریف

اسلام آباد: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ قومی اسمبلی نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم کیخلاف متفقہ قرارداد پیش کی ، قومی اسمبلی کی قرارداد اقوام متحدہ کے نمائندے کو پیش کردی ہے ۔

اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ متفقہ قرارداد بطور اپوزیشن لیڈر ، حکومتی نمائندوں نے مل کر پیش کی ہے ۔ ہم سب نے یہاں مل کر قوم کے نمائندے ہونے کی حیثیت سے متفقہ آواز بلند کی ۔ قرارداد پاکستان کے عوام کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قراردادوں پر عمل سے دنیا پر چھائے جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے ۔ یو این جتنی جلدی قراردادوں پر عمل کرائے گا اتنی جلدی امن ہوگا ۔ قرارداد پر عمل نہ کرایا گیا تو دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ ہم نے قوم کی ترجمانی ایک آواز کے ساتھ کی ہے ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ فلسطین میں بچوں اور خواتین کو بھی اسرائیل نے ظلم کا نشانہ بنایا ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم کا رویہ ایک فاشسٹ کا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 27 رمضان کو بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز نے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کی ، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی کی فائرنگ کو سب نے دیکھا جو قابل مذمت ہے ۔ اسرائیل نے بمباری کرکے کئی عمارتوں کو تباہ کردیا ۔ مسجد اقصیٰ میں بربریت اور نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کیا گیا ۔