پنجاب کے 16 اضلاع میں 24 مئی سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

پنجاب کے 16 اضلاع میں 24 مئی سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

لاہور: پنجاب حکومت نے 16 اضلاع میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ 24 مئی سے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے جس کا نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 24 مئی سے پنجاب کے 16 اضلاع میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے جبکہ کے باقی اضلاع میں اداروں کو کھولنے کا اعلان آئندہ ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

abe78a3b2245d41a15bc62904c768e50

صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق بہاولنگر، راجن پور، چکوال، چنیوٹ، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، قصور، منڈی بہاوالدین، ننکانہ صاحب، نارووال، پاکپتن، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور وہاڑی میں سوموار سے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے کھلیں گے۔

نوٹیفیکشن کے مطابق 16 اضلاع میں 4 روز اسکول کھلیں گے اور ایک طالب علم ہفتے میں 2 روزاسکول آئےگا جبکہ پہلے مرحلے میں لاہور کے اسکول نہیں کھلیں گے۔ 

گزشتہ روز حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی معیاد کو 15 جون تک بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں کو صرف رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو کسی بھی قام کا کاروبار کھولنے پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ 24 مئی سے تمام ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو آؤٹ ڈور ڈائننگ کی بھی اجازت دیدی گئی ہے تاہم ڈائن ان پر پابندی برقرار رہے گی۔

حکومت نے کورونا کے پیش نظر شادی کی انڈور تقریبات اور مارکیز پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم جون سے آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کرنے کی اجازت ہوگی لیکن صرف 150 افراد کی گنجائش کیساتھ شرط رکھی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں تمام پارکس بند رہیں گے لیکن ورزش اور جاگنگ کرنے والوں کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام مزاروں کی بندش بھی برقرار رہے گی۔

حکومت کی جانب سے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ فی الحال صرف 50 فیصد عملہ ہی دفاتر میں بلایا جائے۔