لاہور: پی سی بی نے بنگلادیش کے خلاف آئندہ تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سیریز کی میزبانی پاکستان کرے گا، جبکہ تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
نئی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سکواڈ میں سلمان علی آغا کو کپتانی سونپی گئی ہے، جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔ بورڈ کے مطابق ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج رکھا گیا ہے تاکہ نہ صرف موجودہ سیریز میں اچھی کارکردگی یقینی بنائی جا سکے بلکہ مستقبل کے بڑے ایونٹس کے لیے بھی تیاری کی جا سکے۔
پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان) ، شاداب خان (نائب کپتان) ، فخر زمان ، حارث رؤف ، حسن علی ، ابرار احمد ، فہیم اشرف ، حسن نواز ، حسین طلعت ، محمد عرفان خان نیازی ، خوشدل شاہ ، محمد حارث (وکٹ کیپر) ، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب شامل ہیں ۔
پی سی بی کے مطابق اس سکواڈ میں کئی نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جنہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا جائے گا۔تین میچوں پر مشتمل یہ ٹی 20 سیریز لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ میچز کی تاریخوں اور دیگر تفصیلات کا باقاعدہ اعلان جلد کر دیا جائے گا۔