Get Alerts

پاکستان اور چین کا سی پیک منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق

پاکستان اور چین کا سی پیک منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق

بیجنگ : پاکستان، چین اور افغانستان نے پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے پر باہمی اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ بیجنگ میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی غیر رسمی سہ فریقی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور چین کے وزیر خارجہ شریک ہوئے۔ تینوں رہنماؤں نے سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے اسے خطے کی اقتصادی ترقی اور رابطے کے لیے اہم قرار دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا، اور تینوں ممالک نے علاقائی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزرائے خارجہ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ پورے خطے میں معاشی سرگرمیوں اور روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق سہ فریقی وزرائے خارجہ کا آئندہ اجلاس کابل میں منعقد ہوگا، جس میں مزید پیش رفت اور منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔

ٹیگز: