لاہور:پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے نجی گیسٹ ہاؤسز کے لیے مہمانوں کا اندراج "ہوٹل آئی" سافٹ ویئر میں لازمی قرار دے دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اقدام صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے، جرائم، دہشت گردی اور غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اب تمام گیسٹ ہاؤسز، چاہے وہ کسی آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے بُک کیے گئے ہوں یا براہِ راست، ہر مہمان کا مکمل ڈیٹا حکومتی سسٹم میں اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔ محکمہ داخلہ نے اس مقصد کے لیے ایک آن لائن پورٹل بھی فراہم کر دیا ہے، جس کے ذریعے ہر گیسٹ ہاؤس مالک اپنی لاگ ان آئی ڈی کے ذریعے رجسٹریشن کر سکے گا۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ جو گیسٹ ہاؤسز مہمانوں کی معلومات کا اندراج نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔