راولپنڈی : شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ عمر عرف جان میر سمیت 4 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی سرغنہ کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔
حکام کے مطابق، ہلاک سرغنہ عمر عرف جان میر سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر کئی لرزہ خیز دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ اس نے سپن وام میں بوبالی مسجد کے اطراف کے علاقے میں زیر زمین بنکر، خفیہ سرنگیں اور بارودی سرنگوں کا جال بچھا رکھا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کامیاب انٹیلی جنس آپریشن میں اہم سرغنہ کی ہلاکت فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔