Get Alerts

چین ہر آزمائش میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، آصف زرداری اور شہباز شریف کا 75 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب، ایرانی سفیر کی بھی شرکت

چین ہر آزمائش میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، آصف زرداری اور شہباز شریف کا 75 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب، ایرانی سفیر کی بھی شرکت

اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و حکومتی قیادت نے شرکت کی۔ تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت وفاقی وزراء، چینی سفیر اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔ اس موقع پر پاک چین لازوال دوستی کا جشن منایا گیا اور تزویراتی شراکت داری کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخی حقائق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ پہلا اسلامی ملک تھا جس نے چین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا۔ انہوں نے چینی عوام اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے رشتے مزید گہرے اور مضبوط ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھاخواہ سیلاب ہو یا کوئی بھی قدرتی آفت، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ایک چٹان کی طرح مضبوطی سے کھڑا رہا ہے اور اس کا ساتھ بے مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) دراصل چینی صدر شی جن پنگ کے دوراندیش "بیلٹ اینڈ روڈ وژن" کا عملی مظہر ہے، اور موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان خطے کے امن کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی یہ مثالی دوستی باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات کے ٹھوس اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں میں یہ دوستی اب ایک ناقابلِ شکست اور مضبوط شراکت داری کا روپ دھار چکی ہے جو وقت کے ہر امتحان پر پوری اتری ہے۔
تقریب کے اختتام پر ایک یادگار سماں دیکھنے کو ملا جب صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے چینی سفیر کے ہمراہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ سفارتی ماہرین کے مطابق اس اہم ترین تقریب میں ایرانی سفیر کی موجودگی خطے کے ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے خوش آئند روابط اور باہمی احترام کی عکاسی کرتی ہے۔

ٹیگز: