باکو:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں ڈی ایٹ کی سرگرمیوں میں نئی توانائی آئی ہے اور رکن ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے اپنا مؤثر بیانیہ عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہوگا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے جبکہ ڈیجیٹل میڈیا ابلاغ کا تیز ترین فورم بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا اور غلط معلومات نے دنیا بھر میں گمراہ کن بیانیوں کو جنم دیا ہے، اس لیے ڈی ایٹ ممالک کی مثبت کہانیاں دنیا تک پہنچانا مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈیجیٹل امیگرنٹس اور ڈیجیٹل بیانیے کے درمیان مؤثر پل بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تربیت دینا ناگزیر ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر معلوماتی چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان میں 117 ملین انٹرنیٹ صارفین اور 80 ملین سوشل میڈیا یوزرز موجود ہیں جبکہ ملک کی 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو معلوماتی محاذ پر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں نوجوانوں نے معلوماتی محاذ پر بھرپور کردار ادا کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ درست اور بروقت معلومات کی فراہمی قومی بیانیے کے لیے ضروری ہے۔ حکومت پاکستان نے شفاف اور ذمہ دارانہ ابلاغ کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔ غلط معلومات عوامی رائے کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں، اس لیے فیکٹ چیکنگ، پیشگی معلومات کی فراہمی اور میڈیا لٹریسی کو اولین ترجیحات قرار دیا گیا ہے۔