واشنگٹن: میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ نے اپنے سٹیٹس فیچر کے لیے ایک نیا اے آئی امیج جنریٹر فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد صارفین کو تخلیقی طور پر تصاویر بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ فیچر مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو صارفین کو صرف ایک جملہ یا وضاحتی عبارت لکھنے پر خودکار طور پر موضوع سے متعلق تصاویر فراہم کرتا ہے۔
"اے آئی سے تیار کردہ تصاویر برائے سٹیٹس" کے نام سے متعارف کرایا گیا یہ فیچر سٹیٹس کے حصے میں دستیاب ہوگا، جہاں صارف کو تصویر کے لئے ایک جملہ لکھنا ہوگا جیسے "سورج غروب ہو رہا ہے" یا "رات کا روشن آسمان" اور پھر واٹس ایپ خود بخود اس تھیم سے ملتی جلتی متعدد تصاویر تخلیق کرے گا۔
اس فیچر میں صارف اپنی پسندیدہ تصویر منتخب کرنے کے بعد اسے مزید ذاتی نوعیت کا بنانے کے لئے ایموجی، سٹیکر یا عبارت بھی شامل کر سکتے ہیں۔ یہ فیچر واٹس ایپ کے پہلے سے موجود مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ وال پیپر بنانے والے فیچر کی توسیع ہے، جس کے ذریعے صارف اپنی چیٹ کے پس منظر کے لئے اپنی مرضی کی تصاویر بھی بنا سکتے ہیں۔
یہ نیا فیچر فی الحال کچھ اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے اور اسے مرحلہ وار دنیا بھر میں لانچ کیا جا رہا ہے۔ میٹا کا کہنا ہے کہ یہ فیچر ان کی وسیع تر مصنوعی ذہانت کے انضمام کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد واٹس ایپ کو محض ایک چیٹنگ ایپ سے بڑھا کر تخلیقی اظہار کا پلیٹ فارم بنانا ہے۔