Get Alerts

چائے فروش بین الاقوامی فراڈ ماسٹر نکلا ، گھر سے کروڑوں کی دولت، سونا، چاندی اور لگژری کار برآمد

چائے فروش بین الاقوامی فراڈ ماسٹر نکلا ، گھر سے کروڑوں کی دولت، سونا، چاندی اور لگژری کار برآمد

بہار:بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں پولیس نے ایک بڑے سائبر فراڈ نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے مقامی چائے فروش کے گھر سے حیران کن دولت برآمد کرلی ہے۔ چھاپے کے دوران گھر سے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے نقد، 344 گرام سونا، ڈیڑھ کلو چاندی، 85 اے ٹی ایم کارڈز، 75 چیک بکس، دو لیپ ٹاپ، تین موبائل فونز اور ایک لگژری گاڑی قبضے میں لی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ایک جاری تفتیش کے دوران سامنے آئی، جس میں ایک عام چائے والا سائبر فراڈ نیٹ ورک کا مرکزی کردار نکلا۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران دو بھائیوں، ابھیشیک کمار اور ادتیہ کمار کو گرفتار کیا ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ابھیشیک کمار ماضی میں چائے کا ٹھیلا لگاتا تھا، لیکن بعد میں وہ بین الاقوامی سطح پر سرگرم ایک سائبر کرائم گروہ سے منسلک ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ دبئی منتقل ہوکر وہیں سے نیٹ ورک چلاتا رہا، جبکہ اس کا بھائی ادتیہ بھارت میں مالی لین دین، اے ٹی ایمز اور جعلی بینک اکاؤنٹس کی نگرانی کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک بھارت کی متعدد ریاستوں میں سرگرم تھا اور اس میں دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ مزید یہ کہ تحقیقات میں اب انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور اینٹی ٹیرر سکواڈ (ATS) کو بھی شامل کر لیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی روابط اور رقوم کی غیرقانونی منتقلی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، ،مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

ٹیگز: