Get Alerts

فیفا آسیان کپ: پاکستان نے 23 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

فیفا آسیان کپ: پاکستان نے 23 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

اسلام آباد :فیفا آسیان کپ کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے 23 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو ویزا مسائل کے باعث اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپ کا حصہ نہیں بن سکے۔ وہ ٹورنامنٹ سے قبل براہِ راست انڈونیشیا پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ان کی عدم موجودگی میں اسسٹنٹ کوچز ٹائٹس برامبل اور ولید جاوید نے تربیتی سیشنز کی نگرانی کی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق سکواڈ میں پاکستان سے سفر کرنے والے کھلاڑیوں کے علاوہ بیرون ملک کھیلنے والے قومی ٹیم کے ارکان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نولبرٹو سولانو نے ابتدائی طور پر ویزا کی غلط کیٹیگری کے تحت درخواست جمع کرائی تھی، جس کی نشاندہی کے بعد نئی درخواست دائر کی گئی، تاہم اس عمل کے باعث ویزا جاری ہونے میں تاخیر ہوئی۔

قومی ٹیم کی قیادت عبداللہ اقبال کریں گے، جبکہ تجربہ کار فارورڈ کلیم اللہ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان انڈر 17 ٹیم کے کپتان عبدالصمد کو بھی سینئر سکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ عبدالصمد حال ہی میں آذربائیجان کے کلب قرہ باغ ایف کے کے ساتھ دو سالہ معاہدہ کرچکے ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن رکھنے والی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، جو قومی ٹیم کے لیے اہم تجربہ ثابت ہوگا۔

فیفا آسیان کپ میں پاکستان کو گروپ بی میں تھائی لینڈ، فلپائن اور ویتنام کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 29 ستمبر کو فلپائن اور 2 اکتوبر کو ویتنام سے مقابلہ ہوگا۔

پاکستان کا 23 رکنی سکواڈ
یوسف بٹ، حسن علی، ثاقب حنیف، عبداللہ شاہ، عبد الرحمن، علی خان، علی آغا، حیان خٹک، علی وزیر، عالمگیر غازی، علی رضا، عبدالصمد ارشد، کلیم اللہ، شائیک دوست، عبداللہ اقبال، عیسیٰ سلیمان، محب اللہ، مامون خان، محمد فضل، حارث زیب، عمر نواز، عبدالصمد اور علی خان۔

ٹیگز: