اسلام آباد/منیلا: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منیلا میں آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسیان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ سازی اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے آسیان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پاکستان کے اسٹریٹجک محلِ وقوع اور معاشی صلاحیت کو سراہتے ہوئے دونوں جانب تعاون کے وسیع مواقع موجود ہونے پر زور دیا۔ انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان کے تعمیری اور سفارتی کردار کی بھی تعریف کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے، قریبی رابطے برقرار رکھنے اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے سفارتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔