Get Alerts

پی سی بی کا انڈر 19 کرکٹرز کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا فیصلہ

پی سی بی کا انڈر 19 کرکٹرز کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا فیصلہ

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے قومی انڈر 19 ٹیم کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ فیصلہ قومی انڈر 19 ٹیم کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ محسن نقوی نے انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کرکٹرز کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ شاہد انور کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں ٹیم کی اچھی کارکردگی کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ ایک مثبت قدم ہے، جس سے انہیں مستقبل میں مزید محنت اور بہتر کھیل پیش کرنے کی ترغیب ملے گی۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی محنت کا اعتراف اور اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق چیئرمین پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی حوصلہ افزائی بھی اہم ہے۔

انگلینڈ کے خلاف یوتھ ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں منعقد کیے جانے والے انڈر 19 ڈیولپمنٹ کیمپس سے کھلاڑیوں کو نمایاں فائدہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران ان کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

فرحان یوسف نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا رہی، جبکہ انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

نوجوان کرکٹرز نے بھی اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نہ صرف ان کا حوصلہ بلند ہوگا بلکہ وہ اپنی کرکٹ پر زیادہ توجہ مرکوز کرسکیں گے۔ کھلاڑیوں کے مطابق مالی معاونت ملنے سے انہیں اپنے خاندان کی مدد کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے اس اقدام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے نوجوان کرکٹرز کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

ٹیگز: