تاجروں کا رمضان کے آخری عشرے میں کاروباری اوقات کار 10 بجے تک کرنے کا مطالبہ

تاجروں کا رمضان کے آخری عشرے میں کاروباری اوقات کار 10 بجے تک کرنے کا مطالبہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انجمن تاجران لاہور نے حکومت سے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ریٹیل مارکیٹوں کا وقت رات 10 بجے تک کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ کی زیرصدارت شاہ عالم مارکیٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رضا چاولہ، حافظ شیخ علاؤالدین، اصغر، مجاہد شکیل سمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی۔ سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیساتھ منعقدہ اجلاس میں کورونا وباءاور رمضان المبارک میں کاروبار کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاءنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رمضان کے آخری عشرے میں ریٹیل مارکیٹوں کا وقت رات دس بجے تک کیا جائے جبکہ دکانداروں کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کاروبار کیساتھ ساتھ عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
صدر انجمن تاجران نے مجاہد مقصود بٹ نے ہدایت کی کہ تاجر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں کیونکہ ماسک پہن کر کورونا وباءسے 90 فیصد بچا جا سکتا ہے اور بغیر ماسک گاہکوں کو دکانوں میں داخل نہ ہونے دیں، ہم سب نے مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے۔