اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں حالیہ توسیع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سینئر وفاقی وزراء، عسکری قیادت اور دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان ایک مثبت پیش رفت ہے۔
حکومت پاکستان نے اسلام آباد میں ہونے والے ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، پاکستانی قیادت آج دوبارہ ایرانی حکام سے رابطہ کرے گی تاکہ مذاکراتی عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی بڑی جنگ کو روکنے کے لیے اپنا مصالحتی کردار ادا کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک کلیدی ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے پہلے دور کے مذاکرات کے بعد اب تمام نظریں دوسرے مرحلے پر جمی ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔