کیلیفورنیا: پیغام رسانی کی مشہور ایپ واٹس ایپ ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے، جس کی بدولت اگر کال کا جواب نہ دیا جائے تو صارف فوری طور پر وائس میسج بھیج سکے گا۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق، اگر صارف کسی کو کال کرے اور دوسری جانب سے کوئی رسپانس نہ آئے تو اسکرین پر "کال دوبارہ کریں" اور "منسوخ کریں" کے ساتھ ایک نیا آپشن "آواز ریکارڈ کریں" کے طور پر ظاہر ہوگا۔ یہی آپشن چیٹ باکس میں بھی دستیاب ہوگا، جس سے فوری رسائی ممکن ہوگی۔
اگرچہ واٹس ایپ پہلے سے ہی وائس نوٹ بھیجنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، لیکن یہ نیا شارٹ کٹ صارف کو تیزی سے آڈیو پیغام بھیجنے کا موقع دے گا، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب دوسری جانب سے کال کا جواب نہ ملے۔
یہ فیچر اس وقت چند اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ اس کی عام دستیابی کے حوالے سے کمپنی نے کوئی حتمی تاریخ جاری نہیں کی۔
واٹس ایپ کا یہ اقدام صارفین کے درمیان بات چیت کو مزید موثر اور تیز بنانے کے لیے ایک اور مفید اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔