Get Alerts

زرعی تربیت کیلئے مزید 300پاکستانی طلبہ کا نیا بیچ 24 اگست کو چین روانہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کا چینی قیادت سے اظہارِ تشکر

زرعی تربیت کیلئے مزید 300پاکستانی طلبہ کا نیا بیچ 24 اگست کو چین روانہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کا چینی قیادت سے اظہارِ تشکر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں چینی مہارت سے استفادہ کرنے کے لیے پاکستانی طلبہ کو چین بھجوایا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں جدید زرعی ٹیکنالوجی اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جس کا مقصد چینی زرعی اداروں میں طلبہ کی تربیت کا آغاز تھا، وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز اُن کے دورۂ چین کے دوران شان ژی صوبے کی زرعی یونیورسٹی کے مشاہدے سے ہوا۔ وہاں کی اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی سہولیات نے انہیں متاثر کیا، جس کے بعد انہوں نے پاکستانی طلبہ کو بھی ایسے مواقع دینے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ زرعی تربیت کے لیے طلبہ کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اب تک 300 طلبہ چین سے تربیت حاصل کر کے وطن واپس آ چکے ہیں، 100 زیر تربیت ہیں، جب کہ مزید 300 طلبہ کا نیا بیچ 24 اگست کو روانہ ہو گا۔ مجموعی طور پر ایک ہزار طلبہ کو اس پروگرام کے تحت چین بھیجا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی، بالخصوص ہائبرڈ بیج، لائیو اسٹاک، اور تحقیقاتی مراکز سے سیکھ کر طلبہ ملک میں زرعی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا"آپ چین میں پاکستان کے بہترین سفیر بنیں، علم حاصل کریں اور واپس آ کر ملک کی خدمت کریں۔ آپ کا انتخاب خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوا ہے۔ اگر ہم یہی معیار ہر شعبے میں اپنالیں تو پاکستان چند سالوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے طلبہ کے لیے اس پروگرام میں 10 فیصد اضافی کوٹہ مختص کیا گیا ہے تاکہ وہ بھی دیگر صوبوں کے طلبہ کے برابر آگے بڑھ سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے اہم معاشی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور زرعی شعبے میں طلبہ کی تربیت سے دیرپا نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا اور ترقی کے سفر میں شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

ٹیگز: