لندن: فیشن کی دنیا میں نت نئے تجربات کوئی نئی بات نہیں، لیکن معروف فیشن برانڈ شینیل کی حالیہ سینڈلز نے جوتوں کے روایتی تصور کو ہی بدل دیا ہے۔ منفرد ڈیزائن کی وجہ سے یہ سینڈلز دیکھنے میں تقریباً ننگے پاؤں جیسا تاثر دیتی ہیں۔
اداکارہ مارگریٹ کوالی نے لندن میں اپنی فلم ’دی ڈاگ سٹارز‘ کے پریمیئر کے دوران یہ غیر معمولی سینڈلز پہن کر ریڈ کارپٹ پر شرکت کی۔ ان کی تصاویر سامنے آنے کے بعد کئی لوگوں کو پہلی نظر میں یہ اندازہ ہی نہیں ہوا کہ اداکارہ نے جوتے پہن رکھے ہیں۔
شینیل کی ان سینڈلز کو ’نیکڈ سینڈلز‘ کہا جا رہا ہے۔ ان کا ڈیزائن عام سینڈلز سے بالکل مختلف ہے، کیونکہ یہ پاؤں کو مکمل طور پر ڈھانپنے کے بجائے ٹخنے کے گرد نظر آتی ہیں، جبکہ پاؤں کا زیادہ تر حصہ کھلا رہتا ہے۔
مارگریٹ کوالی کی سامنے سے لی گئی تصاویر میں سینڈلز اس قدر کم نمایاں دکھائی دیتی ہیں کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ریڈ کارپٹ پر ننگے پاؤں چل رہی ہوں۔
اداکارہ کے اس منفرد فیشن انتخاب نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ بھی حاصل کرلی۔ کچھ افراد نے اس ڈیزائن کو منفرد اور دلچسپ قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے اسے عجیب اور غیر عملی فیشن قرار دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا۔
شینیل کی یہ نئی سینڈلز ایک بار پھر اس بحث کو سامنے لے آئی ہیں کہ فیشن میں خوبصورتی اور انفرادیت کے ساتھ عملی ہونے کی اہمیت کتنی ہے۔