Get Alerts

تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد تعلیم کے ساتھ جدت کو فروغ دینا ہے، چیئرمین ایچ ای سی

تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد تعلیم کے ساتھ جدت کو فروغ دینا ہے، چیئرمین ایچ ای سی

لاہور: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ تحقیق، تخلیقی صلاحیت اور جدت کو فروغ دینا بھی ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں بروئے کار لانا ہوگا۔

’سی پاکستان 2026‘ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ کریئیٹوٹی اور انوویشن یونیورسٹی کے ذریعے آتی ہے، اس لیے جامعات کو طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں اور تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق خود کو تبدیل کرنا ہوگا۔ طلبہ کو جدید تعلیم کے ساتھ تحقیق، تخلیقی سوچ اور عملی تجربات کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ طلبہ کی صلاحیتیں نکھارنے میں تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ جامعات اگر نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے مناسب مواقع فراہم کریں تو وہ ملکی ترقی اور معیشت میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ملک میں ان کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے استعمال کرنے کے لیے تعلیمی اداروں، صنعت اور دیگر متعلقہ شعبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط کرنا ہوں گے۔

ٹیگز: