لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب نے لوگوں کو کام، گڈ گورننس اور میرٹ یقینی بنانے کا طریقہ سکھایا ہے، اس لیے پنجاب سے سیکھنے والے پنجاب پر انگلی نہ اٹھائیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں صحت کے شعبے میں بڑے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام شروع کردیا ہے جہاں جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہسپتال میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی اور مستحق مریضوں کے لیے یہ علاج 100 فیصد مفت فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز جلد پاکستان کے سب سے بڑے نواز شریف کینسر ہسپتال کا بھی افتتاح کرنے جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سرگودھا کا کارڈیالوجی ہسپتال بھی تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور پنجاب میں امراضِ قلب کے علاج کی سہولیات کو مزید وسعت دی جارہی ہے۔ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں 256 بستروں پر مشتمل جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور ادارے میں علاج معالجے کا آغاز ہوچکا ہے