اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماؤں اور کارکنوں کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی ویمنز ونگ کی صدر محترمہ فریال تالپور نے کی۔
اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ وسطی پنجاب بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید فعال، مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے تنظیمی سطح پر پارٹی کو مزید مستحکم کرنے، کارکنوں کو متحرک کرنے اور وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیاسی سرگرمیوں کو وسعت دینے سے متعلق امور پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری، سابق وزیراعظم اور پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن، پی پی پی وسطی پنجاب کے سیکرٹری جنرل سید حسن مرتضیٰ سمیت اہم پارٹی رہنماؤں اور اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔
شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وسطی پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنایا جائے گا اور عوامی رابطہ مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔