Get Alerts

فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے کاشتکاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے، وزیراعظم

فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے کاشتکاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے، وزیراعظم

لاہور :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور میں زرعی اصلاحات اور شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تصدیق شدہ کمپنیاں کاشتکاروں کو معیاری بیجوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے تمام فریقین کی مشاورت سے فصلوں کی پیداوار کا تخمینہ لگانے کے لیے جامع قومی نظام تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے زرعی تحقیق کے اداروں کو مزید فعال بنانے اور تحقیقی سرگرمیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے گزشتہ سال چین سے زرعی تربیت حاصل کرکے واپس آنے والے طلبہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رواں سال چین میں زرعی تربیت کے لیے طلبہ کے انتخاب میں میرٹ اور شفافیت کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں نامیاتی کاشتکاری کے فروغ، فصلوں کی نگرانی اور کیڑوں و پودوں کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ٹیگز: