افغان حدود سے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

افغان حدود سے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

راولپنڈی: راولپنڈی: بارڈر پار سے پاک افغان سرحدی علاقے شنکرائی میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 ایف سے اہلکار شہید جب کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق اہلکار مہمند ایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقے شنکرائی میں نئی سرحدی چوکی بنانے میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔جوابی فائرنگ میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سرحد پار افغان فورسز کی صلاحیت میں کمی کی قیمت پاکستان چکا رہا ہے۔

اس سے قبل 12 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید سمیت 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔ 21 سال کے سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق بوریوالہ ضلع وہاڑی سے تھا اور انہوں نے حال ہی میں پی ایم اے کورس پاس کیا تھا۔

واقعے پر ردعمل میں پاکستان کی جانب سے پڑوسی ملک سے افغانستان بارڈر سیکیورٹی میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور پاکستانی عسکری حکام نے مطالبہ کیا تھا کہ سرحد پار افغانستان میں دہشتگردوں کےمحفوظ ٹھکانےختم کرنے ہوں گے۔