Get Alerts

عالمی وبا نے مزید 82 پاکستانیوں کی جان لے لی، مجموعی تعداد 9 ہزار 474 ہوگئی

Corona virus kills 82 more in Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کی صورتحال تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ایک دن میں 82 افراد اس مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کل وبا کے 34 ہزار 594 ٹیسٹ کیے گئے، اب  مجموعی طور پر 63 لاکھ 70 ہزار 707 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹے میں مزید ایک ہزار 704 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان میں مثبت کیسز کی تعداد 4 لاکھ 60 ہزار 972 ہو گئی۔ پاکستان میں گزشتہ روز عالمی وبا سے مزید 82 اموات رپورٹ ہوئیں جس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 474 ہو گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں مثبت کیسوں کا سب سے زیادہ تناسب ریکارڈ کیا گیا تھا۔ این سی او سی کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق شہر قائد میں عالمی وبا کا تناسب تیرہ اعشاریہ ایک فیصد، لاہور میں نو اعشاریہ انچاس فیصد اور میرپوری میں آٹھ اعشاریہ سینتالیس فیصد رہا تھا۔

اس وقت ملک بھر میں دو ہزار تین سو اٹھانوے مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں وبائی مرض سے مرنے والے بیشتر افراد 70 فیصد مرد ہیں جن کی اوسط عمریں اکسٹھ سال ہیں جبکہ 77.5 فیصد افراد کی عمریں پچاس سال سے زائد تھیں۔

اعدادوشمار کے مطابق وبا سے اپنی جان گنوانے والوں میں تہتر فیصد افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، اس لئے وبائی مرض ان پر زیادہ حملہ آور ہوا۔ ان میں سے اکانوے فیصد افراد کا ہسپتالوں میں علاج کیا جا رہا تھا جبکہ اٹھاون فیصد کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا تھا۔