لاہور : ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ میں کمی آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں کئی اہم موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ اور ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بھی بند کر دی گئی ہے۔ موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بھی بند کر دی گئی ہے، جبکہ سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے، اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دھند کی صورتحال میں سفر کرتے وقت احتیاط برتنی چاہیے تاکہ کسی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔