ایمنسٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کو 'زہریلی سیاست' قرار دےدیا

ایمنسٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کو 'زہریلی سیاست' قرار دےدیا

نیویارک :ایمنسٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کو 'زہریلی سیاست' قرار دیا۔حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جو سیاستدان تفریقی اور انسانی اقدار کے مخالف بیان بازی کرتے ہیں وہ ایک خطرناک اور منقسم دنیا تعمیر کر رہے ہیں۔تنظیم کی سالانہ رپورٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تفریقی اور منقسم سیاست کی ایک مثال کے طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے علاوہ رپورٹ میں ترکی، ہنگری، اور فلپائن کے رہنماﺅں کی بھی تنقید کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ رہنما خوف، تقسیم اور الزام بازی کا ماحول تشکیل دے رہے ہیں۔رپورٹ میں فلپائن کے صدر دوترتے، ترکی کے طیب اردوغان، اور ہنگری کے اوربان کی بھی تنقید کی گئی ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ مختلف حکومتیں تارکینِ وطن کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔159 ممالک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے والی اس رپورٹ کے مطابق امریکہ اور یورپ میں تارکینِ وطن کو نشانہ بنانے والی نفرت انگیز تقاریر میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں انڈیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برطانوی راج کے دور کے ظالمانہ قوانین کا استعمال کرتے ہوئے آزادیِ اظہارِ رائے کو تلف کیا گیا اور حکومت کے ناقدین کی آواز کو دبایا گیا۔