عمران خان بھی نواز شریف کی پالیسی پر گامزن ہیں، بلاول بھٹو

عمران خان بھی نواز شریف کی پالیسی پر گامزن ہیں، بلاول بھٹو

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب میں صرف امیروں کیلئے کام ہوتا ہے اور غریبوں کیلئے کچھ نہیں ہوتا ہمیں کسانوں، مزدروں اور غریبوں کے حق کی آواز بلند کرنی ہے کیونکہ ہمیں پنجاب کو ترقی پسند بنانا ہے۔ پنجاب کو پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی اور نہیں بچا سکتا کیونکہ ہماری پارٹی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی طرز سیاست چاہتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا پنجاب صرف امیروں کا نہیں ہے بلکہ غریبوں کا بھی ہے اور ملک میں جعلی تبدیلی نہیں بلکہ حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا وہ بھی نواز شریف کی پالیسی پر گامزن ہیں کیونکہ تحریک انصاف کی بھی وہ پالیسیاں ہیں جو ن لیگ نے اپنا رکھی ہیں۔ نواز شریف اور عمران خان کی پالیسی امیر کو امیر تر بنانا ہے جبکہ ہم ملک کی ترقی کیلئے چین سمیت ہر ملک سے بات کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا نواز شریف ڈرامے کر رہے ہیں کیونکہ وہ عوام کو بیوقوف سمجھتے ہیں لیکن میاں صاحب کو اب 30 سال کا حساب دینا ہو گا اور نواز شریف کو سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننا ہو گا کیونکہ ملک میں قانون سب کیلئے ایک جیسا ہونا چاہیئے۔ مجھے کیوں نکالا گیا یہ عام آدمی کا مسئلہ ہے اور عوام نواز شریف کو 2018 کے الیکشن میں شکست دیں گے۔

واضح رہے بلاول بھٹو نے پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں اور جلسوں کا شیڈول طلب کر لیا ہے۔ بلاول بھٹو نے پنجاب کی پارٹی قیادت کو پارٹی کی ممبرشپ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں