Get Alerts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاک ،نیوزی لینڈ میچ واش آؤٹ، سیمی فائنل میں پاک بھارت ٹاکرے کا مقام بدلنے کا امکان

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاک ،نیوزی لینڈ میچ واش آؤٹ، سیمی فائنل میں پاک بھارت ٹاکرے کا مقام بدلنے کا امکان

کولمبو : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سُپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم میچ مسلسل بارش کے باعث بغیر کسی گیند کے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ کولمبو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم موسلا دھار بارش نے کھیل کو ناممکن بنا دیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک  پوائنٹ مل گیاہے۔
اس میچ کے واش آؤٹ ہونے سے سلمان علی آغا کی قیادت میں قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی راہ مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ پاکستان کو اب ایونٹ میں اپنے بقیہ دو میچز انگلینڈ (24 فروری) اور سری لنکا کے خلاف ہر صورت میں جیتنے ہوں گے۔ 5 پوائنٹس حاصل کرنے کی صورت میں پاکستان براہِ راست فائنل فور میں جگہ بنا سکے گا، تاہم کسی بھی شکست کی صورت میں قومی ٹیم کا انحصار دیگر ٹیموں کے نتائج اور رن ریٹ پر ہوگا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جاتا ہے اور اس کا ٹاکرا بھارت سے ہوتا ہے، تو شیڈول میں بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ 2027 تک نافذ العمل 'ہائبرڈ ماڈل' کے تحت پاکستان اور بھارت کے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جانے ہیں۔
 اگر پاک بھارت سیمی فائنل طے پایا تو یہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم کے بجائے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ممکنہ ٹاکرا 4 مارچ کو ہوگا، جس دن بھارت میں ہولی کا تہوار منایا جائے گا۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق پہلا سیمی فائنل کولکتہ میں ہونا تھا، لیکن پاکستان کی موجودگی کی صورت میں اسے بھی سری لنکا منتقل کر دیا جائے گا۔
پاکستان اب 24 فروری کو کولمبو میں انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا، جبکہ نیوزی لینڈ 25 فروری کو میزبان سری لنکا کے مدمقابل ہوگا۔ شائقینِ کرکٹ کی نظریں اب موسم اور ان اہم مقابلوں کے نتائج پر جمی ہیں جو سیمی فائنل کی حتمی تصویر واضح کریں گے۔

ٹیگز: