عمران خان نے کورونا کیلئے ملنے والی امداد سوشل میڈیا ٹیم میں تقسیم کردی:  رانا ثنا

عمران خان نے کورونا کیلئے ملنے والی امداد سوشل میڈیا ٹیم میں تقسیم کردی:  رانا ثنا
سورس: File

لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے بیرون ملک سے ملنے والا کورونا فنڈ اپنی سوشل میڈیا ٹیم میں تقسیم کردیا ہے۔ 

لاہور انسداد منشیات کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 1973ء کا آئین متفقہ ہے اسے چھیڑا تو نقصان ہوگا۔ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آئین پر عمل نہ  ہونا ہے۔ ججز کو دباؤ میں لانے کے لیے قوانین تبدیل کیے جا رہے ہیں ۔ فروغ نسیم بڑے ایجنٹ ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کرپشن ختم ہی نہیں ہو رہی انہوں نے کورونا کے لیے ملنے والی امداد کو بھی نہیں چھوڑا اور اس میں خورد برد کے علاوہ فنڈز اپنے سوشل میڈیا ٹیم میں بھی تقسیم کردیے۔ 

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ  اداروں کو آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ اگر ادارے آئین پر عمل کرتے تو پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوتا۔ 

نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف جب بھی واپس آئیں گے اس کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔