لاہور :بارشیں برسانے والا موسمی سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ اور چمن سمیت متعدد علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے ساتھ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
چمن میں 6 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث کوئٹہ۔چمن شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ سڑک بند ہونے سے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی امدادی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف ہٹانے اور ٹریفک بحال کرنے کے لیے متحرک ہیں۔
زیارت، کان مہترزئی، مسلم باغ، توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ہوئی، جہاں آسمان سے سفید موتیوں کی طرح برف برسنے سے علاقے حسین نظاروں میں ڈھل گئے، تاہم برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔
سردی کی شدت میں اضافے کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔