اترپردیش :اتر پردیش میں بھارتی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا، تاہم طیارے میں سوار دونوں پائلٹس محفوظ رہے۔ یہ واقعہ پریاگ راج کے قریب بمرولی ایئر فورس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ مائیکرولائٹ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر روانہ ہوا تھا کہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ پائلٹس نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو غیر آباد علاقے میں ہنگامی طور پر اتار دیا، جس کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی پولیس افسر منیش شاندلیہ نے بتایا کہ طیارے کے انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے بعد پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قریبی تالاب میں کنٹرولڈ لینڈنگ کی۔
بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں بھارتی فضائیہ متعدد فضائی حادثات کا شکار رہی ہے، جن میں بعض میں انسانی جانوں کا بھی ضیاع ہوا۔