اسلام آباد : پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری موسلادھار بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، مری اور نارووال سمیت کئی شہروں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ نارووال میں 62 ملی میٹر، راولپنڈی میں 54 ملی میٹر اور مری میں 42 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ دیگر شہروں جیسے جہلم، سیالکوٹ، منگلا، اٹک، گجرات اور رحیم یار خان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز اور صوبائی کنٹرول روم کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے فوری نمٹا جا سکے۔
راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، مری، گلیات اور ڈی جی خان سمیت کئی علاقوں میں آج مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا یہ چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں خصوصاً مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔
متعلقہ حکام نےعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت میں ضلعی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔