تفتان، بلوچستان: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان میں کارروائی کرتے ہوئے 20 بنگلہ دیشی شہریوں کو انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق تمام گرفتار شدگان وزٹ ویزے پر پاکستان آئے تھے اور انہوں نے ضلع چاغی کے ماشکیل بارڈر کے ذریعے غیر قانونی طور پر ملک عبور کرنے کی کوشش کی۔ کارروائی ایف آئی اے اور فرنٹیئر کور کے اشتراک سے عمل میں آئی۔
گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔