لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے کے شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کے لیے کیے گئے اقدامات کے باعث کئی علاقوں میں جمع پانی کو ریکارڈ مدت میں ختم کر دیا گیا۔
حکومت پنجاب کے مطابق 41 اضلاع میں واسا کے قیام، ایک ہزار سے زائد مشینری اور متعلقہ عملے کی موجودگی کے باعث بارش کا پانی ہفتوں کے بجائے چند گھنٹوں میں نکالا گیا۔ گجرات میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد جمع ہونے والے پانی کی نکاسی تین گھنٹوں میں مکمل کر لی گئی۔
شہریوں نے بارش کے بعد فوری نکاسی آب کے اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور متعلقہ اداروں کو سراہا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ صورتحال سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے اور متاثرین کو ضروری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔