اسرائیل عراق کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، ایران

اسرائیل عراق کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، ایران

تہران: ایران نے عراق کی سالمیت کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت عراق کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ذرائع کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے تہران میں عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی سے ملاقات میں کہا کہ داعش کے حامی ممالک صیہونی حکومت کے مفادات کی تکمیل کے لئے عراق کو، جو ایک جمہوری اور علاقے کا بااثر ملک ہے۔


داخلی اختلافات کا شکار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ سرحدوں سے باہر اپنی سرگرمیاں جاری نہ رکھ سکے۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے دونوں ملکوںکے مشترکہ موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراق کی تقسیم کے خلاف استقامت اور جد وجہد بہت ہی اہم ہے اور ایران اس چیز کو تمام ملکوں کے لئے خطرناک سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ممالک دوسرے ملکوں کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں ایک دن خود اس سازش کا شکار ہوں گے۔عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے بھی اس ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دونوں ملکوں کے مستحکم تعلقات کبھی بھی متاثر نہیں ہوں گے، کہا کہ داعش کی نابودی کے لئے علاقے کے ملکوں کے درمیان اتحاد و اتفاق رائے ضروری ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں