لاہور: جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے نوجوان کرکٹر حسن نواز نے زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کر دیا ہے۔ وہ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں، اور ان کی شادی کی تقریبات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن نواز کی شادی پنجاب کے ضلع لیہ میں ہوئی، جس میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ تصاویر میں حسن نواز کو دلہن کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
شادی کی مختلف تقریبات—مہندی، بارات اور ولیمہ—کی تصاویر میں دولہا نے آف وائٹ کوٹ اور دھانی رنگ کا کرتا شلوار پہن رکھا ہے، جب کہ دلہن مہندی میں دھانی اور بارات میں روایتی سرخ لہنگے میں ملبوس نظر آتی ہیں۔ ولیمے کی تقریب میں دلہن نے منٹ گرین رنگ کا خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا۔
یاد رہے کہ حسن نواز نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار اور تیز ترین سنچری بنا کر خود کو ایک ابھرتے ہوئے اسٹار کے طور پر منوایا تھا۔