Get Alerts

روس اور چین کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت

روس اور چین کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت

ماسکو : ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے خلاف عالمی ردعمل سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔ روس اور چین نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی سفارتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ:

"ہم ایران پر امریکی میزائل اور بم حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ایک خودمختار ریاست پر اس نوعیت کا حملہ نہایت غیر ذمہ دارانہ فیصلہ ہے۔"
روسی حکام کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکیورٹی کونسل کی متعدد قراردادوں کے برخلاف ہے، اور دنیا کو درپیش امن و امان کے چیلنجز کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ روس نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری طور پر سیاسی اور سفارتی کوششوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر چین نے بھی امریکی اقدامات پر سخت ردعمل دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا:

"امریکا کا ایران پر حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایران کی وہ جوہری تنصیبات، جو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں تھیں، ان پر حملہ ناقابل قبول ہے۔"
چین نے خبردار کیا کہ ان حملوں سے مشرقِ وسطیٰ کی پہلے سے کشیدہ صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، اور پورے خطے کو عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بیجنگ نے فریقین، خاص طور پر اسرائیل، پر زور دیا ہے کہ وہ فوراً عسکری کارروائیاں روک کر بات چیت اور مذاکرات کی طرف آئیں۔

روس اور چین کا یہ موقف ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ شدید ہے، اور خطے میں امن و امان کی صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: