Get Alerts

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کا او آئی سی اجلاس سے خطاب: مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کا او آئی سی اجلاس سے خطاب: مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے

استنبول: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے مقبوضہ جموں و کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے، اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف کشمیری بلکہ فلسطینی عوام بھی اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی ہے، اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

پہلگام واقعے پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے بغیر کسی شفاف تحقیق کے فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کیا، جبکہ پاکستان نے اس واقعے کی غیر جانبدار اور عالمی سطح پر شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے تحقیقات کے بجائے اشتعال انگیزی کا راستہ اپنایا اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں معصوم خواتین اور بچے شہید ہوئے۔

اسحٰق ڈار نے زور دیا کہ پاکستان نے صرف اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے جواب دیا اور بھارتی فوجی تنصیبات کو ہی نشانہ بنایا۔

اختتام پر انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے، اور بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔

 
 

ٹیگز: