لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی خواتین کے لیے "سحر پروگرام" شروع کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت خواتین کو گھر بیٹھے فن اور ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت شروع ہونے والے اس پروگرام کا مقصد خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ فراہم کرنا اور انہیں ہنرمند لیبر فورس کا حصہ بنانا ہے۔
پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی 5 ہزار 365 خواتین کو مختلف شعبوں میں تربیت دی جائے گی، جبکہ منصوبے پر 97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق "سحر پروگرام" کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور گھر بیٹھے آمدن کے ذرائع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔