Get Alerts

پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ، یکم جولائی سے فیس صرف ڈیجیٹل طریقے سے وصول ہوگی

پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ، یکم جولائی سے فیس صرف ڈیجیٹل طریقے سے وصول ہوگی

اسلام آباد: حکومت نے پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کی فراہمی کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے یکم جولائی سے ملک بھر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پاسپورٹ فیس کی ادائیگی نقد رقم کے بجائے صرف کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جا سکے گی۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی زیر صدارت اجلاس میں پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی، عوامی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کر کے مکمل طور پر ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

حکام کے مطابق نئے نظام سے مالیاتی معاملات میں شفافیت آئے گی، جبکہ شہریوں کو فیس جمع کرانے کے لیے طویل انتظار اور اضافی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس مقصد کے لیے پاسپورٹ دفاتر میں کیو آر کوڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے فیس کی ادائیگی ممکن ہوگی۔

اجلاس میں پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے رش کو کم کرنے اور خدمات کی رفتار بہتر بنانے کے لیے مزید جدید سہولیات متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ دفاتر کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کے لیے مؤثر مانیٹرنگ نظام نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے پاسپورٹ خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو زیادہ تیز، آسان اور شفاف سہولیات میسر ہوں گی۔

ٹیگز: