بطور پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں حصہ لینا چاہتا ہوں: محمد عامر

بطور پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں حصہ لینا چاہتا ہوں: محمد عامر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے انگلینڈ کی طرف سے کرکٹ کھیلنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی اور ملک کی نمائندگی نہیں کروں گا البتہ بطور پاکستانی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کا موقع ملا تو انکار نہیں کروں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق محمد عامر نے اپنے ایک انٹرویو میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ میں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے اور پاکستان کی نمائندگی نہیں کر رہا لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میں کسی اور ملک کی نمائندگی کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ 
سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ نہیں معلوم لوگ ایسی افواہیں کیسے پھیلا دیتے ہیں، انہیں کون یہ بتاتا ہے کہ میں کل ہی انڈین پریمیر لیگ کھیلنے کیلئے جارہا ہوں، آخر یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے، میں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ شوق سے لیا اور نہ ہی ابھی اس سے پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ ہے لیکن دنیا کی مختلف فرنچائز اور ٹی 20 لیگز میں کھیلتا رہوں گا۔ 
محمد عامر نے کہا کہ میں اس وقت آئی پی ایل میں حصہ نہیں لے سکتا لیکن مستقبل میں اگر ایسی کوئی پیشکش ہوئی تو کھیلنے سے انکار بھی نہیں کروں گا، میری دعا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہو جائیں کیونکہ اس صورت میں ہی آئی پی ایل کھیل سکتا ہوں اور صرف ایک پاکستانی کھلاڑی کی حیثیت سے ہی اس لیگ میں شریک ہونا چاہتا ہوں۔ 
برطانوی شہریت سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ انگلینڈ سے ہیں اس لئے میرے پاس وہاں کا ریذیڈنس کارڈ ہے، ماضی میں کئی کھلاڑیوں کے پاس برطانیہ کا پاسپورٹ تھا لیکن پتہ نہیں کہ لوگ مجھ سے پاسپورٹ کیوں نکلوانا چاہتے ہیں، میرے پاس برطانیہ کا صرف رہائشی کارڈ ہے اور اگر مجھے برطانوی پاسپورٹ مل بھی جائے تو یہ میرا حق ہے کیونکہ میری اہلیہ اور بچے برطانوی ہیں۔