وزیراعظم اور انکی ٹیم گروتھ بڑھانے پر مبارکباد کی مستحق ہے، شوکت ترین

وزیراعظم اور انکی ٹیم گروتھ بڑھانے پر مبارکباد کی مستحق ہے، شوکت ترین
کیپشن: وزیراعظم اور انکی ٹیم گروتھ بڑھانے پر مبارکباد کی مستحق ہے، شوکت ترین
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم گروتھ بڑھانے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ کرنٹ اکائونٹ خسارے، زر مبادلہ کے کم ہوتے ذخائر اور کورونا کے باوجود گروتھ قابل قدر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے لکھا کہ آئی ایم ایف کے کڑے پروگرام کے باوجود مضبوط گروتھ خوش آئند ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارے، زر مبادلہ کے کم ہوتے ذخائر اور کورونا کے باوجود گروتھ قابل قدر ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم گروتھ بڑھانے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ چار فیصد کے قریب لگایا ہے اور یہ شرح کورونا وبا کے دوران حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی عکاس ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا تھا کہ ‏نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں نمو کے اندازے کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس کے 3.94 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ شرح نمو کورونا پر قابو پاتے ہوئے اختیار کی گئی اور ہماری معاشی پالیسیوں کی کامیابی کی عکاس ہے۔ ہماری “V” (وکٹری) شکل کی معاشی بحالی زراعت، صنعت اور خدمات جیسے 3 بڑے شعبوں کے درمیان توازن پر محیط ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ کورونا کے باوجود رواں مالی سال جی ڈی پی کا 3.94 فیصد رہنا بہت خوش آئند ہے۔ اپنے بیان میں اسد عمر کا کہنا تھاکہ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے جی ڈی پی گروتھ کو حتمی شکل دے دی، رواں مالی سال کے دوران جی ڈی پی 3.94 فیصد رہی، کورونا کے باوجود جی ڈی پی گروتھ بہت اچھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جی ڈی پی گروتھ عمران خان کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ قومی اکاؤنٹس کمیٹی کے مطابق رواں مالی سال جی ڈی پی کی گروتھ چار فیصد کے برابر ہے اور یہ ماضی کے مقابلے میں قابل ذکر ریکوری ہے۔ زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ہوا اور کرنٹ اکاؤنٹ بھی سرپلس میں ہے۔