الیکٹرانک ووٹنگ مشین، حکومت اور الیکشن کمیشن آمنے سامنے

الیکٹرانک ووٹنگ مشین، حکومت اور الیکشن کمیشن آمنے سامنے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور حکومت آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ ای سی پی نے الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت میں ویڈیو شیئر کر کے ڈیلیٹ کر دی لیکن حکومت نے اس معاملے رپ ردعمل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی حق رائے دہی کیلئے بنائی جانے والی الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے خلاف تیار کیا جانے والا ایک صحافی کا وی لاگ کو الیکشن کمیشن کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیا گیا، وی لاگ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ایک مہنگا فراڈ قرار دیا گیا تھا۔
یہ ویڈیو تقریباً 2 گھنٹے تک ای سی پی کے ٹوئٹر ہینڈل پر موجود رہی تاہم ہلچل مچنے کے بعد اسے ڈیلیٹ کر دیا گیا  مگر اس سے پہلے ہی متعدد صارفین نے اس کا سکرین شاٹ لے لیا جو بعد ازاں وائرل ہو گیا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈیپارٹمنٹ آپریشن کرتا ہے جبکہ حکومت بھی الیکشن کمیشن کے ٹوئٹ پر حرکت میں آ چکی ہے اور اس معاملے پر ردعمل دینے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے 
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف احمد نے اس معاملے کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرانک وٹنگ مشین پر ادارہ اپنا موقف پہلے ہی دے چکا ہے۔