اسلام آباد: ماہرین فلکیات اور محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں عید الاضحیٰ 7 جون 2025 (ہفتہ) کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 27 مئی بروز منگل کو طلب کیا گیا ہے تاکہ ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ معروف ماہر فلکیات پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال کے مطابق ذی الحجہ کے چاند کی پیدائش 27 مئی کی صبح 8 بجکر 2 منٹ پر ہو گی، جبکہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 13 منٹ ہوگی۔ فلکیاتی اصولوں کے تحت چاند کی رویت کے لیے اس کی عمر کم از کم 16 سے 18 گھنٹے ہونی چاہیے، جو اس روز ممکن نہیں ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 مئی کو ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف رہنے کی توقع ہے، تاہم چاند کی کم عمر ہونے کی وجہ سے رویت ہلال کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر چاند 27 مئی کو نظر نہیں آتا تو ذی الحجہ کا آغاز 29 مئی (جمعرات) سے ہوگا، جس کے تحت عید الاضحیٰ 10 ذی الحجہ کو، یعنی 7 جون (ہفتہ) کو منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر نہ آنے کی صورت میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔