Get Alerts

سہ ملکی سیریز: پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 7 وکٹوں سے شاندار فتح

سہ ملکی سیریز: پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 7 وکٹوں سے شاندار فتح

راولپنڈی: پاکستان نے ٹی 20 ٹرائی نیشن سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹ سے ہرا دیا۔ گرین شرٹس نے 129 رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر صرف 15.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جیت میں اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کی شاندار اننگز نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے صرف 45 گیندوں پر ناقابل شکست 80 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، جنہوں نے ٹیم کو میچ میں مکمل طور پر چھا جانے میں مدد فراہم کی۔

دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب نے 20 رنز بنائے، بابر اعظم نے 16 رنز اسکور کیے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا صفر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے چیمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شانکا نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ میچ میں شاندار پرفارمنس کے لیے صاحبزادہ فرحان کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ سری لنکا کے جینتھ لیاناگے 41 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، جبکہ کوشل پریرا نے 25 اور کامل مشرا نے 22 رنز بنائے۔

پاکستان کی بولنگ میں محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سلمان مرزا، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، اور ان کے خیال میں یہ اچھا موقع ہے تاکہ بڑے اسکور کی جانب پیش قدمی کی جا سکے۔

اس میچ میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پاؤں کی انجری کے باعث قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ سلمان علی آغا نے ٹاس کے دوران بتایا کہ شاہین آفریدی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔

پاکستانی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، ابرار احمد، محمد وسیم جونیئر، اور سلیمان مرزا شامل تھے۔

سری لنکا کی ٹیم میں کمنڈو مینڈس، ونندو ہاسارنگا، دشمنتھا چمیرا، ایشان ملنگا، اور وجیاکانتھ وییسکنتھ شامل تھے۔
 
 
 
 
 
 
 

ٹیگز: