اسلام آباد:برطانیہ نے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا ہے، جو کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے 143 واں ملک ہے جس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں یہ تعداد 150 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو رسمی بیانیوں، جوشیلی تقریروں اور جذباتی اپیلوں سے آگے نکل کر اسرائیل کی شرمناک درندگی، عالمی دہشت گردی اور غزہ میں وحشیانہ قتل عام کو روکنے کے لیے ٹھوس، موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان اقدامات پر سختی سے عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔